فائل فوٹو

گپی گریوال اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند
22 جنوری 2020 (12:35) 2020-01-22

کراچی :مقبول بھارتی گلوکار و اداکار گِپی گریوال نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایاکہ انہیں پاکستانی ادکارہ مہوش حیات کا کام بے حد پسند ہے۔

بھارتی گلوکار و اداکار روپندر سنگھ گِپی گریوال دو دن کے لیے پاکستان آئے ہیں اور انہوں نے گوردوارہ ننکانہ صاحب پر حاضری بھی دی۔ گِپی گریوال کی جانب سے گوردوارے پر حاضری کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جو وائرل ہورہی ہیں۔

گِپی گریوال سے  سوال کیا گیا کہ اگر آپ کو کسی پاکستانی اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو وہ کون سی اداکارہ ہوگی جس کے ساتھ آپ کام کریں گے؟

اس سوال کے جواب میں بھارتی گلوکار نے کہا کہ ’میں تمام پاکستانی فلمیں دیکھتا ہوں، پاکستانی فلمیں کافی اچھا بزنس بھی کر رہی ہیں، میں نے ایک پاکستانی فلم دیکھی میں پنجاب نہیں جاؤں گی، اس میں، میں نے مہوش حیات کو دیکھا، مجھے ان کا کام بہت اچھا لگا۔

گِپی گریوال نے مزید کہا کہ اس لیے میں یہی چاہوں گا میں ان کے ساتھ کام کروں۔انٹرویو میں پاکستان سے متعلق دنیا کو پیغام دینے کا سوال کیاگیا تو گلوکار کا کہنا تھا کہ ’جب آپ باہر بیٹھ کے چیزیں سنتے ہیں تو وہ کچھ اور ہوتی ہیں جب میں یہاں خود آیا اور چیزیں دیکھیں تو بات کوئی اور تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام لوگوں کو یہی کہوں گا کہ مجھے یہاں سے اتنا پیار ملا اور اب میں یہاں ایک دو مہینے کے اندر اندر اپنے بچوں اور فیملی کو بھی لاؤں گا، میرا یہاں بہترین استقبال ہوا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ میں اپنی زندگی میں پوری دنیا گھوما ہوں، میں کہیں بھی جانے کے لیے اتنا پرجوش نہیں ہوا جتنا پاکستان آنے کے لیے ہوا ہوں۔


ای پیپر