سکرین شوٹ

مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کردار ادا کر سکتا ہوں: صدر ٹرمپ
22 جنوری 2020 (10:44) 2020-01-22

ڈیووس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کشمیر ایشو پر ثالثی کی پیشکش کر دی۔

 ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں مختلف ایشوز زیربحث آئے ، صدر ٹرمپ نے کہا کہ  وہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتےہیں۔ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان میرے دوست ہیں، ان کیساتھ ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک ماضی میں کبھی اتنے قریب نہیں رہے جتنے آج ہیں۔ 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کیساتھ دوبارہ ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور امریکا ایک پیج پر ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے کے استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ امریکی صدر کے ساتھ افغانستان کی صورتحال پر بات ہوگی۔


ای پیپر