’ہماری ٹیم کا واحد ٹارگٹ ٹرافی جیتنا ہے‘ فخر زمان کا دوٹوک اعلان
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
22 فروری 2021 (19:02) 2021-02-22

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ رواں سیزن میں ٹرافی جیتنا پوری ٹیم کا واحد ٹارگٹ ہے اور ہم نے اس کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق فخز زمان نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ سیزن میں بہترین کارکردگی کے ذریعے امید جاگی کہ ہم کچھ کر سکتے ہیں اور ٹیم کے تمام کھلاڑی اس مرتبہ کچھ کر دکھانا چاہتے ہیں۔ ہم نے رواں سیزن میں ٹرافی جیتنے کیلئے بہت محنت کی ہے اور تمام کھلاڑی 100 فیصد کارکردگی دکھانے کیلئے پرجوش ہیں، یہ درست ہے کہ گزشتہ برس ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا لیکن مجموعی کارکردگی بہترین رہی۔ 

بائیں ہاتھ کے اوپنر کا کہنا تھا کہ رواں سیزن میں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنے کیلئے محنت کی ہے، میں نے اپنی تکنیک اور مہارت کو بہتر بنانے کیلئے بہت کام کیا ہے، میں انفرادی ٹرینر کیساتھ فٹنس پر بھی کافی توجہ دی ہے اور امید ہے کہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں مداحوں کو اچھے نتائج دینے میں کامیاب رہوں گا۔ 


ای پیپر