’میں بھی پی ایس ایل کھیلنا چاہتا ہوں‘
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
22 فروری 2021 (18:56) 2021-02-22

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامید ہوں کہ جب میرا وقت آئے گا تو میں بھی اس کا حصہ بنوں گا۔ 

تفصیلات کے مطابق فواد عالم نے اتوار کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں لگے آنرز بورڈ پر اپنا نام درج کیا، ان کا نام اس میدان پر سنچری بنانے والوں کی فہرست میں درج کیا گیا ہے کیونکہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے موقع پر بائیو سیکیور ببل میں ہونے کی وجہ سے وہ کراچی ٹیسٹ کے بعد اپنا نام نہیں لکھ سکے تھے لیکن پی ایس ایل کے دوران انہیں یہ موقع مل گیا کہ وہ سٹیڈیم آ کر اپنا نام خود درج کریں کیونکہ وہ پی ایس ایل میں بطور پلیئر شریک نہیں ہیں۔ 

 اس موقع پر جب فواد عالم سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھی پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے خواہشمند ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ خواہش تو ہر چیز کی ہوتی ہے، پی ایس ایل کی بھی ہے لیکن ہر چیز کا ایک وقت مقرر ہوتا ہے اور جب میرا وقت ہوگا تو میں بھی ٹورنامنٹ کھیل لوں گا، پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں کراچی کنگز کا حصہ ضرور رہا لیکن مجھے اس میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ 

انہوں نے موجودہ حالات میں پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے ابھی صرف سات ہزار 500 تماشائیوں کو اجازت ملی ہے تاہم امید ہے کہ حالات بہتر ہونے پر اور بھی تماشائیوں کو میدان میں آنے کی اجازت مل جائے گی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں وکٹیں بیٹنگ کیلئے مناسب تھیں لیکن کھلاڑی کافی عرصے بعد ٹی 20 کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لئے انہیں ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگ رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کیلئے سکور کرنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، جب آپ کی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ پہنچے تو حقیقی خوشی ہوتی ہے، آنر بورڈز پر دنیا کے بڑے بلے بازوں کے ساتھ نام درج ہونے پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ 


ای پیپر