لاہور قلندرز کیخلاف میچ کرس گیل کیلئے رواں سیزن کا آخری میچ ہو گا مگر کیوں؟ مداحوں کیلئے مایوس کن خبر
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
22 فروری 2021 (18:51) 2021-02-22

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہو رہی ہیں جس کیلئے دونوں ٹیموں نے خوب تیاریاں کر رکھی ہیں مگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مداحوں کیلئے افسوسناک خبر یہ ہے کہ کرس گیل کا ممکنہ طور پر رواں سیزن میں یہ آخری میچ ہو گا۔  

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں دفاعی چیمپین کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 121 رنز بنائے تاہم کراچی کنگز نے 14 اوورز باآسانی ہدف حاصل کر لیا۔ دوسری جانب لاہور قلندرز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا آغاز افتتاح کیساتھ کیا جو فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنے کیلئے پرجوش ہے۔  

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مداحوں کیلئے افسوسناک خبر یہ ہے کہ ’یونیورس باس‘ کہلانے والے کرس گیل کا رواں سیزن میں ممکنہ طور پر یہ آخری میچ ہو گا کیونکہ وہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کیلئے چلے جائیں گے تاہم وہ چاہتے ہیں کہ وہ آج کے میچ میں اچھی کارکردگی سے اپنا تاثر ضرور چھوڑ جائیں۔ 

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کرس گیل اس سے قبل یہ بتا چکے ہیں کہ وہ سری لنکا کیخلاف ٹی 20 سیریز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے کیلئے روانہ ہوں گے تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سیریز ختم ہونے کے بعد حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کریں گے، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ قومی فرائض کی انجام دہی کے بعد پی ایس ایل کی رونق بڑھانے کیلئے دوبارہ واپس آئیں گے یا پھر ان کے مداحوں کو ملکی لیگ میں ایک بار پھر ان ایکشن دیکھنے کیلئے ایک سال کا انتظار کرنا ہو گا۔ 


ای پیپر