کرس گیل کی طوفانی اننگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 179 رنز کا ہدف
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
22 فروری 2021 (18:43) 2021-02-22

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کرس گیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 179 رنز کا ہدف دیدیا ہے، کرس گیل نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ٹام بینٹن اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا مگر صرف 7 کے مجموعی سکور پر ٹام بینٹن حارث رؤف کی گیند پر احمد دانیال کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف 5 رنز کے اضافے کے بعد صائم ایوب بھی شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سہیل اختر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے صرف تین رنز بنائے۔ 

ابتدائی نقصان کے بعد کپتان سرفراز احمد اور کرس گیل نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 101 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 113  تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر سرفراز احمد حارث رؤف کی گیند پر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 33 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔کرس گیل نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن 118 کے مجموعی سکور پر وہ بھی ہمت ہار بیٹھے اور راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اعظم خان تھے جو 13 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ لاہور قلندرز کو چھٹی کامیابی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے دلائی اور 162 کے مجموعی سکور پر بین کٹنگ کو کلین بولڈ کر دیا، وہ 6 گیندوں پر 5 رنز بنا سکے۔ آل راؤنڈر محمد نواز نے آخری اوورز میں طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 33 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ 

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 38 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، آغا سلمان، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال اور حارث رؤف شامل ہیں۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بینٹن، کرس گیل، صائم ایوب، اعظم خان، محمد نواز، بین کٹنگ، عثمان خان شنواری، انور علی، محمد حسنین اور زاہد محمود شامل ہیں۔ 


ای پیپر