Jahangir Tareen, Yousaf Raza Gilani, Fazal-ur-Rehman, Shehbaz Sharif, PTI, PPP, PML-N, PDM
22 فروری 2021 (14:28) 2021-02-22

اسلام آباد: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جہانگیر ترین سے نہ فون پر بات ہوئی نہ رابطہ ہوا ، جہانگیر ترین میرے عزیز ہیں ، ان کو کہنے کی ضرورت نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مجھے ٹکٹ دیا ہے ، ٹکٹ دینے پر پی ڈی ایم کا مشکور ہوں۔ میں پی ڈی ایم کی ترجمانی کروں گا ، مجھے پہلے بھی متفقہ وزیراعظم منتخب کیا تھا جب وزیراعظم بنا تو 264 ووٹ پڑے ، اپوزیشن نے مجھے 42 ووٹ دئیے ، جو تعلقات پر ملے۔ ماضی ماضی ہے مگر آج شہباز شریف سمیت سب نے حمایت کی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تمام اکابرین کے پاس فرداً فرداً جاؤں گا۔ مولانا فضل الرحمان کے پاس آج حاضر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر نظر آ رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مکمل طور پر نیوٹرل ہے ۔

دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا چیئرمین سینیٹ بننا ہم سب کیلئے اعزاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں ، یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں حفیظ شیخ الیکشن لڑ رہے ہیں ، پی ڈی ایم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کیلئے کوشش کرے گی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے الیکشن لڑنے سے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ انہوں نے تبدیلی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی ڈھائی سال سے کرب سے گزر رہا ہے ، عام آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے ، بجلی ، گیس، چینی ، آٹا ، گھی سب چیزیں منہگی ہو رہی ہیں۔ ایسے لوگوں کے ہاتھ ملک کے قلمدان دے کر آپ ملک کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں۔


ای پیپر