Germany, Belgium, supply arms, India, Kashmir
22 فروری 2021 (11:43) 2021-02-22

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر یورپی ممالک نے بھارت سے منہ پھیر لیا ، جرمنی اور بلجیم نے بھارت کو اسلحہ فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

خیال رہے کہ جرمن کمپنی ہیکلر اور کوش نے ایم پی فائیو مشین گنز جبکہ بیلجیم نے 70 کروڑ ڈالر کا اسلحہ فراہم کرنا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک نے یہ اسلحہ مقبوضہ کشمیر میں استعمال کئے جانے کے خدشے کے پیش نظر بھارت کو فراہم نہیں کیا۔

جرمنی اور بلجیم کے انکار کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارت اب امریکی اسالٹ رائفلز خریدنے کی کوشش کرسکتا ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی رپورٹ میں بھارت کا گھناؤنا چہرہ ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھا دیا ، کہا مودی سرکار نے ہندو انتہا پسندوں کو مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں پر حملے کرنے کی کھلی اجازت دے رکھی ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں اقلیتیں اور بالخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے لیے سرکاری پالیسیاں بنائی گئی ہیں ۔ 23 فروری 2020 میں ہونے والے دہلی فسادات میں سرکاری سرپرستی میں مسلمانوں پر حملے کیے گئے جس میں 40 مسلمان شہید ہوئے۔

ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ 5 اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سلب کرکے انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کی گئیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے نشاندہی کی کہ محض شک کی بنیاد پر گاؤ رکشکوں نے درجنوں مسلمانوں کو شہید کر دیا۔

ہیومن رائٹس واچ کا کہنا تھا کہ نا صرف مسلمان بلکہ دلت ، سکھ اور دیگر اقلیتیں بھی مودی سرکار کے اعتاب کا شکار ہیں۔


ای پیپر