فواد خان کیخلاف مقدمہ درج
22 فروری 2019 (17:51) 2019-02-22

لاہور : معروف اداکار فواد خان کیخلاف پولیو ورکرز کو ہراساں کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل ٹاؤن پولیس سٹیشن میں معروف اداکار فواد خان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے مدعی کی طرف سے فواد خان پر الزام لگایا گیا ہے کہ فواد خان کے گھر پولیو ورکرز پہنچے تو انہوں نے اپنے بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا اور پولیو سٹاف کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ دھمکیاں بھی دیں۔

جبکہ فواد خان کی طرف سے اس طرح کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ۔ ان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ جب پہلی بار 19فروری کو پولیو کی ٹیم ان کے گھر پہنچی تو ان کے اہل خانہ گھر میں نہیں تھے جبکہ خود فواد خان بھی 13فروری سے بیرون ملک ہیں اس لئے ان پر یہ الزام بے بنیاد ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ فواد خان کی بیگم نے جب دوسرے وزٹ پر پولیو ٹیم کو بتایا کہ ان کے بچے کی تمام ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے تو پولیو ٹیم نے اس بات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔فوا د خان کے مطابق وہ پولیو ویکسی نیشن کی گائیڈ لائن کو مکمل طور پر سمجھتے ہیں اور اس کاز کوسپورٹ کرتے ہیں۔


ای پیپر