تصویر بشکریہ عرفان احسن انسٹاگرام

اداکارہ ایمان علی اور میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے بابر بھٹی کا نکاح ہوگیا
22 فروری 2019 (14:06) 2019-02-22

لاہور: پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ ایمان علی کا میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے بابر بھٹی کے ساتھ نکاح ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق معروف سینئر اداکار عابد علی کی بیٹی اداکارہ ایمان علی کی بابر بھٹی کے ساتھ شادی کی تقریبات کا آغاز بھی ہوگیا ہے جبکہ دونوں کا نکاح گزشتہ رات انجام پایا۔

مایوں کی تقریب میں قریبی عزیزوں اور دوستوں نے شرکت کی۔ ڈھولک کی تقریب میں ایمان علی نے خود بھی ڈھولک بجائی۔ اپنی شادی اور بابر بھٹی سے تعلقات کے حوالے سے ایمان علی نے بتایا کہ ان کے اور بابر کے تعلقات ڈیڑھ سال قبل استوار ہوئے اور انہوں نے اچانک شادی کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ ان کا اور بابر بھٹی کا تعلق لاہور سے ہے، تاہم وہ کراچی میں ایک دوست کی سالگرہ پر پہلی بار ملے تھے جس کے بعد ان میں شناسائی ہوئی۔

ایمان علی کے مطابق ان کی والدہ اور بہنیں ان سے کافی وقت سے شادی کرنے کی ضد کرتی رہیں تاہم انہوں نے ہر بار ان کی ضد کو مسترد کیا، لیکن کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے سب کو شادی کا بتا کر حیران کر دیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی شادی کی خبریں اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوں، تاہم ان کے دوستوں نے ان کی شادی سے متعلق معلومات شیئر کی۔

ایمان علی نے شادی کی تقریبات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بہترین کوریو گرافر کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اور شادی کی تقریبات میں خوب ڈانس ہوگا۔ ان کی ٹیم دولہا کی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے۔

ایمان علی نے بتایا کہ وہ شادی پر سفید رنگ کا لباس پہنیں گی اور گہرے میک اپ سے اجتناب کریں گی۔ وہ اپنی زندگی کے خاص دن پر نیچرل نظر آنا چاہتی ہیں۔

خیال رہے کہ 38 سالہ ایمان علی اداکارہ عابد علی کی صاحبزادی ہیں جبکہ بابر بھٹی پاکستان کے نشان حیدر میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے پوتے ہیں۔


ای پیپر