جہانگیر ترین سے ایم این اے اور ایم پی ایز کی اہم ملاقات
22 اپریل 2020 (20:34) 2020-04-22

اسلام آباد : ملک کی موجودہ ساسی صورتحال پر گفتگو کیلئے جہانگیر ترین سے مختلف ایم این اے اور ایم پی ایز نے اہم ملاقات کی جس میں تمام اراکین نے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں۔ان سے مختلف سیاستدانوں نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات میں معاون خصوصی برائے خوراک خرم سہیل لغاری بھی موجود تھے۔

سینئر صحافی نے دعویٰ کیا کہ جہانگیرترین سے ملاقات کرنے والے ایم این اے اور ایم پی ایز نے کہا کہ ہم پریس کانفرنس کرنے جا رہےہیں جس پر جہانگیر ترین نے انہیں کہا کہ 25 تاریخ تک رک جائیں،25 تاریخ تک کسی قسم کا کوئی بیان نہ دیں ۔

انہوں نے جہانگیر ترین کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ان میں سے کچھ تو پریس کانفرنس بھی کرنے جا رہے تھے تاہم جہانگیر ترین نے کہا کہ آپ 25 تاریخ تک خاموش رہیں۔25 تاریخ تک کسی بھی قسم کا کوئی بیان نہ دیا جائے۔ جہانگیر ترین سے ملاقات کرنے والے ایم این ایز کا تعلق بہاولپور، فیصل آباد اور ساہیوال سے ہے۔ جہانگیر ترین سے معاون خصوصی برائے اوقاف سید رفاقت علی گیلانی نے بھی ملاقات کی۔

خیال رہے کہ آٹا اور چینی بحران رپورٹ میں جہانگیر ترین کا نام آنے کے بعد کچھ تلخیوں کی خبریں بھی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں ، اس کے علاوہ ایک نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین اس بات کا بھی اعلان کر چکے ہیں کہ اب سے وہ سیاسی طور پر سرگرم نظر نہیں آئیں گے،اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں اب بس اپنے کاروبار اور اپنی فیملی کی طرح متوجہ ہو جاؤں گا۔ سیاسی طور پر اب میں سرگرم نہیں ہو ں گا۔ جبکہ دوسری جانب صحافیوں کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ عمران خان او ر جہانگیر ترین کے درمیان رابطے کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


ای پیپر