فوٹوبشکریہ فیس بک

ایشیا کپ: سپر فور مرحلے میں قومی کرکٹ ٹیم اپنا میچ آج افغانستان کیخلاف کھیلے گی
21 ستمبر 2018 (15:49) 2018-09-21

دبئی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں قومی کرکٹ ٹیم اپنا میچ آج افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

تفصیلات کے مطابق آج کے میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر، شاداب اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کی جگہ نوجوان لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، لیفٹ آرم اسپنر حارث سہیل اور محمد نواز کو کھلایا جاسکتا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے ہوگا۔ ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ابوظہبی کی پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹورنامنٹ سے قبل 2 ون ڈے انٹرنیشنل ہوچکے ہیں، دونوں ہی پاکستان نے جیتے ہیں لیکن افغانستان کی ٹیم نے اپنے اسپنرز راشد خان، مجیب اور محمد نبی کی وجہ سے حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔


ای پیپر