فوٹوبشکریہ فیس بک

آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند کردی
21 اکتوبر 2018 (16:49) 2018-10-21

کراچی: آل پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ ہم نے حکومت کے سامنے بارہا اپنے مطالبات رکھے اور بتایا کہ پرانے ماڈل کے آئل ٹینکرز پر پابندی معاشی قتل کے مترادف ہے، 2010 ماڈل کی گاڑیوں کی شرط سے آئل ٹینکرز مالکان اور کارکنوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو جائیں گے لیکن حکومت کی جانب سے پنجاب میں 600، کے پی کے میں 300، بلوچستان 200 اور کراچی میں 700 ٹینکرز پر پابندی عائد کردی گئی۔

شمس شاہوانی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں 10 دن میں پابندی ہٹانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی لیکن 10 دن گزر جانے کے باجود ہمارے مسائل جوں کے توں ہی ہیں اس لیے اتوار سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی جارہی ہے اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند کردی گئی ہے، اس دوران جیٹ فیول سپلائی بھی معطل رہے گی۔

دوسری جانب ہڑتال کے معاملے پر آئل ٹینکرز مالکان اور آئل کنٹریکٹرز دو گروپوں میں تقسیم ہو گئے، آل پاکستان آئل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے تیل کی سپلائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

آل پاکستان آئل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمان بٹ نے کہا کہ سہالہ آئل ڈپو اسلام آباد سے جڑواں شہروں سمیت آزاد کشمیر، گلگت ، ناردرن ایئریاز میں تیل کی سپلائی جاری رکھیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ مالکان کی تنظیم کے کچھ افراد ذاتی مفادات کیلئے ہڑتال کر رہے ہیں۔


ای پیپر