Opposition, lives, People, Imran Khan, pandemic
21 نومبر 2020 (14:48) 2020-11-21

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پی ڈی ایم کے جلسے پر تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا، کہا اپوزیشن عوام کی صحت کے ساتھ کھیل رہی ہے۔

اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ ملک میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سیاسی جلسہ کرنا عوام کی صحت سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

ادھر وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کے پشاور میں جلسے کی وجہ سے وبا کے کیسز میں اضافہ ہوا تو اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان پر ایف آئی آر درج کرائیں گے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی اپوزیشن کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، کہا کہ عالمی وبا سے ملک کی بنیادیں ہل جائیں لیکن اپوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی اپوزیشن کو کھری کھری سنا دی، کہا ن لیگ نے تو خود کشمیر میں لاک ڈاون لگا دیا ہے لیکن حکومت کو گرانے کے چکر میں وہ باقی سیاست جماعتوں کے ساتھ پشاور میں جلسہ کرنے پر بضد ہے۔ پی ڈی ایم والے پشاور کی عوام سے پتا نہیں کس چیز کا بدلہ لینا چاہتی ہے۔

ادھر معاون خصوصی شہباز گل بھی پیچھے نہ رہے، کہا بختاور کی منگنی کے لیے عالمی وبا کا ٹیسٹ لازمی رکھا گیا لیکن عوام کی صحت کا کوئی خیال نہیں اس سے زیادہ فرعونیت اور کیا ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے عمران خان کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں کے بہانے عمران خان کو عالمی وبا کا خیال تو آیا، جب حکومت ہاتھ سے نکلنے لگی تو عمران خان عالمی وبا کی صدائیں لگانے لگے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان اور عالمی وبا دونوں سے عوام کو نجات دلائے گی۔ شیری رحمان نے کہا کہ جس وبا کو عمران خان معمولی زکام کہتے تھے آج اس کا نام لے کر دوسرے کو ڈرا رہے ہیں۔


ای پیپر