photo by PCB twitter

آسٹریلیا کیخلاف پہلا ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر
21 نومبر 2019 (13:24) 2019-11-21

برسبین: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی، اظہر علی الیون پہلی اننگز میں 240 پر ڈھیر ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق گابا کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز سلامی بلے باز اظہر علی اور شان مسعود نے کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 74 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

شان مسعود 27 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر سیکنڈ سلپ میں سٹیو سمتھ کو کیچ تھما بیٹھے اور اگلے ہی اوور میں کپتان اظہر علی بھی 39 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق نے سب سے زیادہ 76رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے چار جبکہ پیٹ کمنز نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔

سلامی بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل، بابر اعظم اور افتخار احمد بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔ اظہر علی الیون نے 39 گیندوں پر 3 رنز بنا کر چار وکٹیں گنوائیں۔

پاکستان کی جانب سے 16 سالہ نوجوان گیند باز نسیم شاہ آج اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، شان مسعود، حارث سہیل، اسد شفیق، افتخار احمد، رضوان، یاسر شاہ، نسیم شاہ، شاہین شاہ اور عمران خان شامل ہیں۔


ای پیپر