Photo Credit Yahoo

عمران خان کے 100دنوں میں وعدے پورے ہوگئے تو سیاست چھوڑ دوں گا
21 مئی 2018 (18:36) 2018-05-21

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے عمران خا ن کے 100روزہ پروگرام کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے 100دنوں میں وعدے پورے ہوگئے تو سیاست چھوڑ دوں گا،تحریک انصاف کا وقت سے قبل ہی 100دن کا پروگرام طے کرنا اور اسے عوام کے سامنے پیش کرنا دھاندلی کی جانب اشارہ ہے، تحریک انصاف جیت بھی گئی تو اب کوئی الیکشن ماننے کو تیار نہیں ہوگا، ایک کروڑ نوکریاں توکیاخیبرپختونخواہ میں 5ہزار نوکریاں بھی نہ دے سکے۔

عمران خان نے جنوبی پنجاب کا جو لالی پاپ دیا اس میں بھی کوئی حقیقت نہیں،وزیراعظم سے (آج) دس گیارہ بجے مشاورتی ملاقات کے بعدنگراں وزیراعظم کا اعلان ہو سکتا ہے۔وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ عمران خان کے 100دن پروگرام کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 100دن کا پروگرام ہو یا کوئی اور منصوبہ ہو، انتخابات جیت کر اس کا اعلان کیا جاتا ہے اور یہاں عمران خان نے اس طرح اعلان کیا جیسے یہ الیکشن جیت کربیٹھے ہیں، اور وقت سے قبل ہی 100دن کا پروگرام طے کرنا اور اسے عوام کے سامنے پیش کرنا دھاندلی کی جانب اشارہ ہے،اب اگر تحریک انصاف جیت بھی گئی تو اب کوئی الیکشن ماننے کو تیار نہیں ہوگا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ عملی پلان نہیں، الیکشن شوشہ کہہ سکتا ہوں، اور اگر سو دنوں میں عمران خان نے عمل درآمد کردیا تو میں سیاست چھوڑدوں گا، دعوں کی کوئی حقیقت بھی ہونی چاہیے، عمران خان کے پاس بہت بڑا موقع تھا کہ وہ اپنے منصوبے کو خیبرپختون خوا میں ثابت کرتے،ان کے پاس ایک صوبہ تھا وہاں عمل کیوں نہیں کیا؟ کے پی میں ترقیاتی کام دیکھ لیں،اسکولوں کی حالت دیکھ لیں، ایک کروڑ نوکریوں کی بات کرنے والے اپنے صوبے میں 5ہزار افراد کو بھی نوکری نہیں دے سکے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جنوبی پنجاب کا جو لالی پاپ دیا اس میں بھی کوئی حقیقت نہیں، پیپلزپارٹی کے سواکسی جماعت نے عملی طورپرجنوبی پنجاب صوبے کی بات نہیں کی، وزیراعظم سے (آج)منگل کو دس گیارہ بجے مشاورتی ملاقات ہو گی، ملاقات میں بھی نگراں وزیراعظم کا اعلان ہو سکتا ہے، اگر متفقہ نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان کل نہ کیا جاسکا توپھر نام فائنل کرنے کیلئے مزید دن بھی لگ سکتے ہیں۔


ای پیپر