جلد پاکستان کی قیادت سے ملاقات کروں گا : ڈونلڈ ٹرمپ
21 مارچ 2019 (17:22) 2019-03-21

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی نئی قیادت سے ملاقات کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں اور وہ جلد پاکستان کی قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ  ہم پاکستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں تاہم وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں اور دشمنوں کی رکھوالی کرتے ہیں، یہ کام ہم نہیں کر سکتے اس لیے میں پاکستان کے نئے حکمرانوں سے جلد ملاقات کرنے کا منتظر ہوں اور ہم ایسا مستقبل قریب میں کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ جب ہم پاکستان کو 1.3 ارب ڈالر دیتے تھے تو میں نے ہی اسے روکا تھا۔ کئی لوگوں کو یہ معلوم نہیں کیونکہ وہ ہم سے مخلص نہیں۔ پاکستان ہمارے ساتھ ٹھیک طریقے سے نہیں چل رہا تھا اس لیے پاکستان کو 1.3 ارب ڈالر دینا بند کر دیئے، ایسے ملکوں کی امداد بند کررہے ہیں جو ہمیں کچھ نہیں دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وہ پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی نے افغانستان میں لائبریری بنا کر بار بار جتایا۔ بھارت نے جتنے پیسوں میں لائبریری بنائی، امریکہ اتنے افغانستان میں 5 گھنٹے میں خرچ کر دیتا ہے۔


ای پیپر