عوام ٗ میڈیا اور سپریم کورٹ کے مشکور ہیں: والد نقیب اللہ محسود
21 مارچ 2018 (16:56)


اسلام آباد:کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے نقیب اللہ محسود کے والد نے کہا ہے کہ ہم 20کروڑ عوام ، میڈیا اور سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا ،امید ہے سپریم کورٹ راؤانوار کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔


سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نقیب اللہ محسود کے والد نے کہا کہ نقیب کو جعلی پولیس مقابلے میں شہید کرنے کے بعد پاکستان کی20کروڑ عوام میں عورتوں،بچوں اور بزرگوں سب نے ہمارا ساتھ دیا۔میں20کروڑ عوام ، سپریم کورٹ اور میڈیا کا شکرگزار ہوں جس نے ہمارا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا اور جعلی مقابلے میں ملوث راؤ انوار کی گرفتاری کا سبب بنے ورنہ ہم جیسے غریب لوگ کہاں ایسے لوگوں کا مقابلہ کرسکتے تھے۔


انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کی گرفتاری سے ہمیں انصاف ہوتا نظر آرہا ہے،امید ہے سپریم کورٹ میرے بے گناہ بیٹے کے قاتل کو منطقی انجام تک ضرور پہنچائے گی اور465 بے گناہ لوگ جوکہ راؤ انوار کے جعلی پولیس مقابلے میں جاں بحق ہوئے ان کو انصاف ملے گا۔


ای پیپر