حمزہ شہباز میں مالیشیا نہیں ،اب تمہاری نوکری نہیں کرونگا،زعیم قادری

21 جون 2018 (18:12)

لاہور :ن لیگ کی سیاست کو ایک اور جھٹکا ،دبنگ سیاستدان اور مسلم لیگ ن کے سابق ترجمان پنجاب حکومت نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ۔لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما زعیم قادری نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تو سابق وزیر سعد رفیق نے زعیم قادری سے ملاقات کرکے انہیں منانے کی کوشش کی تاہم انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق زعیم قادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمز ہ شہباز کو آڑے ہاتھوں لیا ،انہوں نے کہا سن لو حمز ہ شہباز میرا مقابلہ اب تمہارے ساتھ ہے ،الیکشن ہاروں یا جیتوں لیکن سر نہیں جھکاﺅں گا ،زعیم قادری نے این اے 133سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑے کا فیصلہ لیا ۔ حمزہ شہبازکو پکارتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب میں تمہارے جوتے پالش نہیں کرونگا ،یہ تمہاری یا تمہارے باپ کی جاگیر نہیں ،اب میں سیاست کر کے دکھاﺅں گا۔

زعیم قادری نے کہا کہ مجھے شہباز شریف نے 2008 کے اوائل میں فون کرکے کہا کہ سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑ دو، میں نے حکم کی تعمیل کی، ناپسند ہونے کی وجہ سے میری خدمت اور قربانی کو فراموش کرکے تبدیل کردیا گیا اور عہدوں سے ہٹادیا گیا، میں نے بہت کچھ برداشت کیا، جو لوگ پارٹی میں نہیں تھے انہیں وزرا بنادیا گیا، 10 سال میں پارٹی میں کسی نے ن لیگ کا دفاع نہیں کیا جتنا میں نے کیا۔

زعیم قادری نے کہا مسلم لیگ ن میرے خون میں تھی اور رہے گی ،صرف پسند نہ پسند کی وجہ سے مجھے ایک طرف کیا گیا ،نظریاتی کارکن ہوں بہت کچھ برداشت کیا ،الیکشن کی بات نہیں میرا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا تھا میری قربانیوں کا یہ صلہ ملا ،اب ایسے نہیں چلے گا ۔

زعیم قادری کا کہنا تھا کہ میں مالیشیا نہیں ہوں، تمہارے لئے جان، مال اور جیل کاٹیں، جاوید ہاشمی جیسے لوگوں کو ضائع نہیں کیا جاتا لیکن انہیں ضائع کیا گیا، شہباز شریف سے گلہ ہے انہیں نے دس سال مجھے نہیں پوچھا، انہوں نے مجھ سے کہا کہ پارٹی میں کچھ لوگوں کو تمھاری شکل پسند نہیں، یہ مجھے سیاسی یتیم سمجھتے ہیں، لیکن سیاسی یتیم ہونے کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔

مزیدخبریں