صدر عارف علوی نے سینٹ کا اجلاس بلا لیا
21 جولائی 2019 (21:12) 2019-07-21

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے سینٹ کا اجلاس یکم اگست کو طلب کر لیا ‘ سینٹ اجلاس میں چیئرمین صادق سنجرانی کیخلاف اپوزیشن کی عدم اعتماد کی قرارداد پیش کی جائے گی‘ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی جانب سے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کئے گئے (کل )کے اجلاس میں عدم اعتماد کی تحریک پر صرف بحث ہو گی جبکہ عدم اعتماد کی قرارداد یکم اگست کو ہونے والے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے وزارت پارلیمانی امور کو بھیجی گئی سمری پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ایوان بالا کا معمول کا اجلاس یکم اگست کو دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کر لیا ہے۔ یکم اگست کو سینٹ اجلاس میں چیئرمین صادق سنجرانی کیخلاف اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی قرارداد پر رائے شماری کروائی جائے گی۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق رائے شماری بیلٹ پیپر کے ذریعے کی جائے گی۔ دوسری جانب چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 23جولائی کو ایوان بالا کا اجلاس سہ پہر3بجے شیڈول کے مطابق ہو گا۔ذرائع کے مطابق ریکوزیشن اجلاس کا آرڈر آف دی ڈے کل پیر کو تیار کیا جائے گا لیکن ریکوزیشن اجلاس کے ایجنڈے میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ شامل نہیں ہو گی۔ریکوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینٹ کو ہٹانے کی تحریک پر صرف بحث ہو گی۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ سینیٹ کے معمول کے اجلاس میں ہو گی۔


ای پیپر