اپوزیشن کا مقصد ہر پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے نیب کو دبا ؤمیں لانا ہے ،سینیٹر شبلی فراز 
21 جنوری 2021 (23:31) 2021-01-21

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اطلاعات کمیٹی میں چیئرمین نیب کی طلبی کو مضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کا مقصد ہر پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے نیب کو دبا ئومیں لانا ہے  براڈ شیٹ معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے جو 45دنوں میں براڈ شیٹ معاملے سے متعلق افراد  کرداروں وزراوکلاکی تحقیقات کرے گی ۔

پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ وہ ہر پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو کو دباؤ میں لائے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی مرضی کی چیزوں کو علیحدہ سے دیکھنا چاہتی ہے لیکن براڈشیٹ معاملہ سامنے آنے کے بعد انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ہر پہلو پر تحقیقات کریگی۔

انہوں نے کا کہ براڈ شیٹ کا معاملہ ہمارے دور کا نہیں ہے بلکہ یہ تو 2000کا معاملہ ہے لیکن ابھی منتج ہوا ہے  براڈ شیٹ کے تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی انتظامیہ کے معاملے پر عدالتی فیصلے پر من و عن عمل کر رہے ہیں پی ٹی وی کا نیا بورڈ آئندہ 15دنوں میں بننا چاہیے کیونکہ اس کی وجہ سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہوگی ۔


ای پیپر