پاکستان اور امت مسلمہ میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے، عمران خان
21 جنوری 2021 (17:10) 2021-01-21

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے علما وفد  کی ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری بھی شریک ہوئے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور  امت مسلمہ میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ دو سال میں اس ضمن میں اپنی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے سب سے زیادہ آواز اٹھائی۔ وزیراعظم نے علمائے کرام کے ملک کو درپیش مسائل پر، خواہ وہ انتہا پسندی  سے نمٹنے کا مسئلہ ہو یا فرقہ واریت سے نمٹنے کا ہو، کلیدی کردار کی تعریف کی۔ 

علمائے کرام نے وزیرِ اعظم کی جانب سے اقوام متحدہ میں تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم اور مغرب میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے شاندار موقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ پوری امت مسلمہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے ۔   

علمائے کرام نے وزیراعظم کی  اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر بھرپور تعریف کی. علمائے کرام نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے موضوع کو جس انداز میں وزیر اعظم نے مغرب میں اٹھایا ہے اس طرح اسلامی دنیا کے کسی لیڈر نے ماضی میں نہیں اٹھایا جس کے لئے امت مسلمہ وزیراعظم کی معترف ہے۔ 

علمائے کرام نے وزیر اعظم کے پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کے ویژن اور اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کی تعریف۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے اورپاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ علمائے کرام نے وزیر اعظم کے اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے مذہبی مقامات کی بحالی کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کی اقلیتی برادری اپنے آپ کو محفوظ تصور کرتی ہے جبکہ بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ 

کورونا وباء کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم کی دانشمندا نہ حکمت عملی اور مساجد میں فرائض کی انتہائی احسن طریقے سے ادائیگی کے حوالے سے  علمائے کرام نے حکومتی اقدامات کی تعریف کی ۔وفد نے وزیراعظم کی مسئلہ کشمیر کو  اقوام متحدہ میں بھرپور اور موثر  طریقے سے اجاگر کرنے اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے پہلی مرتبہ ایک مدلل موقف اختیار کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ وزیراعظم عمران خان کو عالم اسلام کے حقیقی لیڈر کے طور پر دیکھتی ہے۔

    

علمائے کرام نے ملک میں مدارس کی بہتری خصوصاً نظام و نصاب تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ضمن میں بھی حکومتی کاوشوں کو سراہا اور اس ضمن میں تجاویز پیش کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


ای پیپر