faisalabad,police,waqas ahmed,checkpoint,killed
21 جنوری 2021 (12:27) 2021-01-21

فیصل آباد : پولیس گردی کے ایک اور واقعہ میں فیصل آباد میں پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے وقاص نامی نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ڈجکوٹ کے علاقہ میں پولیس گردی کا ایک اور اندوہناک واقعہ پیش آیا جب ایک ناکے پر پٹرولنگ پولیس نے ایک کار کو روکا تو ڈرائیور وقاص نے گاڑی بھگا دی جس پر پولیس نے ان کا تعاقب کیا اور کار روک کر وقاص احمد نامی ایک نوجوان کو کار سے باہر نکال کر گولی مار دی گئی۔ 

پولیس نے ابتدائی رپورٹ میں پولیس اہلکاروں کو ہی ذمہ دار قرار دیا ہے کہ انہوں نے نہتے شہریوں پر بلاجواز فائرنگ کی ہے۔اس واقعہ کا مقدمہ چار پولیس اہلکاروں کیخلاف مقتول کے بھائی کی مدعیت میں  درج کر لیا گیا ہے۔چاروں اہلکاروں کو گزشتہ رات ہی حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مقتول وقاص احمد کے پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے جبکہ اس کے ورثا وہاں پر موجود ہیں اور پولیس گردی کیخلاف احتجاج کرنے میں مصروف ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق جب ناکے پر وقاص کی گاڑی کو روکا گیا تو نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس نے گاڑی روکنے سے انکار کر دیا اور اس کوشش میں جب اس نے ناکے سے کار بھگانے کی کوشش کی تو اس دوران ایک پولیس اہلکار کے پائوں پر اس کی گاڑی کا ٹائر آگیا ۔ ابتدائی طور پر اس واقعہ کی وجہ اشتعال کو قرار  دیا جا رہا ہے۔


ای پیپر