Image Source : FB IK Official

سیاسی گند صاف کرنے کیلئے عمران خان کو فری ہینڈ مل گیا :شیخ رشید احمد کا دعویٰ
21 جنوری 2019 (23:58) 2019-01-21

لاہور :وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی گندگی صاف کرنے کیلئے فوج نے عمران خان کو مکمل فری ہینڈ دیدیا ہے ،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری کے بڑے معترف ہیں ،شہباز شریف این آر او اور درمیانی راستے کی تلاش میں ہیں اور سرکاری مراعات سے ہر صورت لطف اندوز ہوتے رہنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بھی محاذ آرائی کی بند گلی میں نہ جانے پر راضی کر لیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کبھی فوجی عدالتوں کی توسیع کیخلاف ووٹ دینے کی جرات نہیں کرینگی ،اپوزیشن اتحاد سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کو بچانے کیلئے متحدہ ہوئے ہیں اپوزیشن کے اتحاد سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیںہے ، شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز کا مجھے کیوں نکالا والا بیانیہ بھی کسی مصلحت کے تحت ختم ہو گیا ،شہباز شریف نے نوا ز شریف کو بند گلی کا راستہ بدلنے پر راضی کر لیا ہے ،نواز شریف کو سزا پر پورے گوالمنڈی میں ایک ٹائر تک نہیں جلا یا گیا ،جس کے بعد انہیں اپنی عوامی طاقت کا انداز ہ ہو گیا تھا ،زرداری کی کرپشن سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کبھی سوچا نہیں ہو گا کہ فالودے والے کے اکاﺅنٹ کا بھانڈا بھی پھوٹ جائیگا ۔

شیخ رشید نے اہم انکشاف کیا کہ تمام اداروں نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ملک سے گند صاف ہونا چاہیے ، گند صاف کرنے کیلئے تمام ادارے عمران خان کیساتھ ہیں اور فوج نے سیاسی فضلے کو ٹھکانے لگانے کیلئے عمران خان کو مکمل فری ہینڈ دے رکھا ہے ،لیکن عمران خان شریف آدمی ہیں وہ دونوں جماعتوں میں کسی قسم کی توڑ پھوڑ نہیں کر رہے ،تاہم فوج تمام فیصلوں میں عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے ۔


ای پیپر