”دی نیو ڈیل “۔۔۔نئی تعلیمی پالیسی کا اعلان ہو گیا
کیپشن:   Image Source : IK Facebook
21 فروری 2019 (22:04) 2019-02-21

لاہور:وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نئی تعلیمی پالیسی دی نیو ڈیل 2018-2023 کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے گزشتہ روزافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں تعلیم ایسا شعبہ ہے جسے گزشتہ سات دہائیوں سے وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کا یہ شعبہ متقاضی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم کو مقدم سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دو کروڑ 80 لاکھ طلبہ کا مستقبل حکومت کی حکمت عملی سے وابستہ ہے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرانتظام 52 ہزارسرکاری سکولوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ بچے زیرتعلیم ہیں۔

ہم ان بچوں کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنا کر ان کا مستقبل سنورانا چاہتے ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ قومی زبان ہی موثر ذریعہ ابلاغ ہوسکتی ہے اسی لئے دی نیو ڈیل کے تحت پرائمری لیول تک قومی زبان اردو میں تعلیم دی جائے گی اور انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا۔ مڈل لیول پر سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اورریاضی کے رجحانات متعارف کرائے جائیںگے۔وزیراعلی نے اعلان کیا کہ انصاف آفٹرنون اسکول کا پروگرام تحریک انصاف کا اختراعی منصوبہ ہے اور اس پروگرام کے ذریعے اسکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے گا۔

اسکولوں میں صاف پانی، جسمانی تربیت اور کھیل لازم ہوںگے۔ اسی طرح امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہر بچے کو مخلص اساتذہ کے ذریعے یکساں سہولتوں سے مزئین کلاس روم میسر ہوگا۔ صرف طلبہ پر ہی نہیں اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے پروگرام لارہے ہیں۔ اس پروگرام سے ٹیچر موثر ابلاغ کے ذریعے بہترین علم طلبہ تک منتقل کرسکیں گے کیونکہ اچھی قوم کیلئے ہمیں اچھے اساتذہ کی اشد ضرورت ہے۔


ای پیپر