فوٹو بشکریہ فیس بک

آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا: محکمہ موسمیات
21 فروری 2019 (11:01) 2019-02-21

لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ پہاڑوں پر لینڈسلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں رم جھم اور پہاڑوں پر برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ بارش اور برفباری کا سلسلہ دو روز جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ، بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ بھی جاری کر دیا۔ ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، پشاور، مردان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

بارش کے پانی سے سڑکیں اور نشیبی علاقے پانی پانی ہوگئے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش کے باعث بجلی کے ترسیلی نظام بھی متاثر ہے۔

آواران میں مواصلاتی نظام منقطع ہونے سے شہری مشکلات کا شکار ہیں، ملار بند کو شدید نقصان پہنچا۔ مکران اور لسبیلہ میں بارشوں سے پیدا صورتحال کے باعث ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر ریسکیو کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت کر دی۔ پاک فوج کے چار ہیلی کاپٹر بھی امدادی کاموں میں حصہ لیں گے۔

ادھر، چھتر پلین میں بارش اور برفباری کے بعد شارکول پر سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند رہی۔ مقامی پولیس نے چار گھنٹے کی کوششوں کے بعد ایک طرف سے سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی۔


ای پیپر