Maulana Sherani, Fazal-ur-Rehman, politics, Fayyaz-ul-Hassan Chauhan, PDM
21 دسمبر 2020 (15:58) 2020-12-21

لاہور: وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا شیرانی نے فضل الرحمان کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ، مولانا شیرانی کی جے یو آئی میں اہمیت کو عوام جانتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا شیرانی فضل الرحمان سے زیادہ عزت کے حامل ہیں ، مولانا شیرانی نے کہا وہ عمران خان کی حکومت سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں جھوٹوں کے چیف سیکرٹری فضل الرحمان ہیں ، فضل الرحمان مریم نواز اور بلاول کا کندھا استعمال کر رہے ہیں۔ وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کیخلاف کسی عدالت کا فیصلہ نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ مانگنا کسی لطیفے سے کم نہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا نے کبھی نواز شریف کو بھارتی ایجنٹ کہا پھر ان سے مل گئے۔

مولانا بتائیں کہ انہوں نے کشمیر کمیٹی میں کیا کیا ، وہ مذہب کے نام پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ یہ کون سا اسلام ہے جس میں قانون کی خلاف ورزی کی جائے۔ وفاقی وزیر نے مولانا فضل الرحمان سے پوچھا کہ بتائیں انہوں نے اتنے اثاثے کیسے بنائے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن عوام کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سوال اپنی جگہ موجود ہے جن کے پاس کچھ نہیں تھا وہ سیاست میں آکر ارب پتی کیسے بن گئے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست سے سب بخوبی آگاہ ہیں ، وہ مذہب کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ مولانا صاحب کل کے بجائے آج استعفے دیں۔

سربراہ پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کیا یہ آئین اور قانون سے بڑے ہوگئے ہیں؟ مولانا کہتے ہیں 25 لاکھ کا گھر ہے، 3 کروڑ تک میں خریدنے کو تیار ہوں۔


ای پیپر