UAE, Saudi Arabia, India, alternative, Pakistan, Shah Mahmood Qureshi
21 دسمبر 2020 (13:12) 2020-12-21

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کسی صورت اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب بھارت کو پاکستان کا متبادل نہیں سمجھتے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا پرُامن حل ضروری ہے۔ پاکستان پر اسرائیل کے حوالے سے کوئی وباؤ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دوست ممالک کے تعلقات میں خلیج پیدا کرنے کی بھارتی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں ، بھارت کی بھول ہے کہ وہ پاکستان کا متبادل ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا یہ شور مچا رہا ہے کہ یو اے ای اور سعودی عرب پاکستان کی بجائے مودی سرکار کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے چاہتے ہیں۔

اس حوالے سے بھارت کے آرمی چیف نے حال ہی میں سعودی عرب اور یو اے ای کا دورہ کیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے ساتھ دفاعی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانا ہے۔ جبکہ انٹرنیشنل میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے دفاعی انتظامات سنبھالنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب یو اے ای کی جانب سے پاکستانیوں پر سفری بندش کو سامنے رکھتے ہوئے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عرب ممالک کے پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب ہیں۔ عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان نہ خود اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر رہا ہے نہ دوسرے کے حق میں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای پاکستانی حکام کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرے۔ لیکن ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم نہیں کرسکتے۔


ای پیپر