صدر پیوٹن پر اپوزیشن لیڈر کو زہر دینے کا الزام
21 اگست 2020 (17:32) 2020-08-21

ماسکو: روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالف اپوزیشن لیڈر کو دوران پرواز زہر دے کر ہلاک کرنے کی کوشش کی گئی ہے، الیگزے ناوالنے کو  حالت بگڑنے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،شبہ ہے کہ الیگزے ناوالنے کی چائے میں زہر ملا کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالف اپوزیشن لیڈر کی حالت غیر ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اپوزیشن لیڈر الیگزے ناوالنے کی ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو زہر دیا گیا ہے جس سے ان کی حالت خراب ہوگئی اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کی ترجمان نے کہا کہ روس میں کرپشن کے خلاف مہم میں پیش پیش اپوزیشن لیڈر الیگزے ناوالنے کی دورانِ پرواز حالت خراب ہوئی جس پر پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی۔اپوزیشن لیڈر اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح اپوزیشن لیڈر ماسکو سے واپس آرہے تھے اور انہوں نے صبح سویرے صرف چائے پی تھی لہذا ان کی چائے میں کچھ ملایا گیا۔

 ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ الیگزے ناوالنے اس وقت بے ہوشی کی حالت میں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔الیگزے ناوالنے کو اومسک شہر کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔الیگزے روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالفین میں شمار کیے جاتے ہیں اور انہوں نے روس میں کرپشن کے خلاف مہم میں اہم کردار ادا کیا جب کہ 2011کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے پر انہیں گرفتار کرکے 15 روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔


ای پیپر