Source : Yahoo

عید کے پر مسرت موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا پیغام
21 اگست 2018 (23:23) 2018-08-21

اسلام آباد :وزیراعظم پاکستان عمران نے عید الا ضحی کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کی ہےاور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرمائے۔

عیدالاضحی کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عید الا ضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے،آج کے دِن ان عظیم انبیا ئے کرام نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال مثال قائم کی جس کی تاقیامت پیروی کی جاتی رہے گی اور قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنے آپ کو مکمل طور پر اپنے رب کریم کے حکم کے تابع کرنا ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے، عید الا ضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں،ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں،میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے ،ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


ای پیپر