عمران خان سے کہا ہے تمام سیاستدانوں سے دوستی کریں
21 اپریل 2020 (19:24) 2020-04-21

راولپنڈی : وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں نے وزیراعظم سے تمام میڈیا اور سیاستدانوں سے دوستی کرنے کا کہا ہے، کوئی سیاست نہیں دیکھ رہا، ہمیں ملک بچانا ہے اور شہبازشریف قومی حکومت کا خواب لے کر واپس آئے تھے،نیب میں میرے 2 موکل ہیں، میں نے دم والی بات مذاق میں کی تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کورونا بڑھ رہا ہے، راولپنڈی میں کورونا کے 196 متاثرہ مریض ہیں جب کہ 6 مریض یورالوجی اور 6 ریلوے اسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کو بچانا ہے اس لیے راجا بازار میں سنیما توڑ کر اسپتال میں شامل کر رہے ہیں، ضرورت پڑی تو تمام نجی اسپتالوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیں گے۔وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں ریلوے کے مزدوروں نے 5 کروڑ سے زیادہ عطیہ کیا ہے لہٰذا سب لوگوں کو عمران خان کے فنڈ میں دل کھول کرعطیہ دینا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ 5 تاریخ سے ٹرین چلا رہے ہیں، کسی بھی جگہ ضرورت ہوئی تو موبائل اسپتال کھڑا کردیں گے۔تمام سیاسی مخالفین کو موجودہ حالات میں صلح کرلینی چاہیے اس لیے وزیراعظم سے کہا ہے تمام میڈیا اور سیاستدانوں سے دوستی کرلیں۔کوئی سیاست نہیں دیکھ رہا، ہمیں ملک بچانا ہے اور شہبازشریف قومی حکومت کا خواب لے کر واپس آئے تھے۔نیب میں میرے 2 موکل ہیں، میں نے دم والی بات مذاق میں کی تھی۔


ای پیپر