میرا کی ایک اور ویڈیو ڈرامہ نکلی
21 اپریل 2020 (15:16) 2020-04-21

اسلام آباد: معروف اداکارہ میرا کی وزیراعظم عمران خان سے کی گئی مدد کی اپیل کی ویڈیو ایک ڈراما نکلی۔ ڈراما کوئین اداکارہ میرا خبروں میں رہنے کا فن جانتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا نے کورونا کو جواز بنا کر نیویارک سے ویڈیو پیغام میں اپنی مبینہ قابلِ رحم حالت کا ذکر کر کے وزیراعظم سے مدد کی اپیل کی تھی۔ تاہم تصویر کا دوسرا رخ ذرا مختلف نکلا، میرا اپنے مبینہ شوہر کیپٹن نوید کے گھر پارٹیوں میں مگن ہیں۔ کیپٹن نوید کے والد راجا پرویز کا کہنا ہے کہ میرا تو دو ماہ سے ان کے گھر میں ہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایسی ویڈیوز جاری کر کے بے عزتی کروانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز میرا نے نیویارک سے ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں کورونا کو جواز بنایا اور خود کو ہوٹل کے کمرے میں بند ظاہر کیا۔ وہ کسی دوسرے ملک میں مرنا نہیں چاہتیں، وزیراعظم مدد کریں۔ تاہم میرا کی دیگر ویڈیوز میں وہ اپنے گھر میں باربی کیو پارٹی کرتی ہوئی، تکے کباب لگاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ ان کے مبینہ شوہر کیپٹن نوید، اداکار علی سلیم اور بعض دیگر افراد بھی موجود ہیں۔


ای پیپر