بلاول بھٹو پولیس کا مورال بلند کرنے کیلئے آئی جی ہاؤس پہنچ گئے
20 اکتوبر 2020 (21:32) 2020-10-20

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پولیس کا مورال بلند کرنے کے لئے آئی جی ہاؤس پہنچ گئے۔ بلاول بھٹو کی آئی جی سندھ سے ملاقات جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ ہیں۔ 

بلاول نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں سندھ پولیس کے ساتھ کھڑا ہوں اور اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔

انہوں نے ہیش ٹیگ #WeStandWithSindhPolice استعمال کیا اور عوام سے بھی اس حوالے سے رائے پوچھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹیلی فون کیا۔  ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلاول بھٹو زرداری سے کراچی واقعے پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے آرمی چیف کی جانب سے کراچی واقعے کا فوری نوٹس لینے پر ستائش کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو نے کراچی واقعے پر فوری شفاف انکوائری کی ہدایات دینے پر آرمی چیف کو سراہا۔

واضح رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر مقدمے اور گرفتاری کیلئے پولیس حکام پر دباؤ کے معاملے پر آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس صورتحال پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پریس کانفرنس کی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے محکمانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ 

پریس کانفرنس کے بعد آرمی چیف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کور کمانڈر کراچی کو تحقیقات کا حکم دیا اور اب وزیراعظم نے بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔


ای پیپر