The United States has imposed sanctions on Khamenei's charity
20 نومبر 2020 (11:12) 2020-11-20

واشنگٹن: امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی رہنما خامنہ ای کے خیراتی ادارے پر پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزارت خزانہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ایرانی رہنما آیت اللہ خامنہ ای کے قائم کردہ خیراتی ادارے ’بنیاد مستصعفان‘ کو بلیک لسٹ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بنیاد مستصعفان جسے بظاہر خیراتی ادارے کے طور پر چلایا جارہا ہے اس ادارے کے لیے ایرانی لوگوں سے فنڈ اکھٹا کر کے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ امریکہ کی طرف سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کا اطلاق 10 شخصیات، اور فاﺅنڈیشن کے پچاس ذیلی اداروں پر ہو گا اوران اداروں کے امریکہ میں اثاثے منجمند کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب امریکی محکمہ محنت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے ساتھ ساتھ گزشتہ ہفتے بے روزگاری الائونس کے لیے درخواست دینے والوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے دنیا کی سب سے بڑی معیشت کو ایک نئے خطرے کا سامنا ہے۔

لیبر ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق7 لاکھ 42 ہزار بے روزگار افراد نے الائونس کے حصول کیلئے نئی درخواستیں دائر کیں ہیں،جو کہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 31 ہزار زیادہ ہیں، یہ مسلسل پانچواں ہفتہ ہے جب کہ بے روزگاری الاونس کے لیے درخواست دینے والوں کی تعداد 8 لاکھ سے کم ہے۔

محکمہ محنت کا کہنا ہے کہ6.4 ملین افراد بے روزگار ہیں،جب کہ نومبر کے پہلے ہفتے بے روزگاری کی شرح 4.3فی صد تھی۔بے روزگاری کی شرح میں اس سال ماہِ اپریل کے مقابلے میں نمایاں کمی ہوئی ہے جب بے روزگاری کی شرح14.7فیصد تھی۔


ای پیپر