نواز شریف اور شہباز شریف کی غیر موجودگی میں ن لیگ کی بھاگ دوڑ کون سنبھالے گا ؟
20 نومبر 2019 (20:42) 2019-11-20

لاہور:پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارٹی قائد محمد نواز شریف اور صدر محمد شہباز شریف کی عدم موجودگی میں پارٹی معاملات چلانے کے لیے پیشگی عبوری لائحہ عمل طے کر لیا گیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ عبوری انتظام 15 سے 20 روز کے لیے قائم کیا گیا جس میں مختلف رہنماﺅں کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ شہباز شریف کی عدم موجودگی میں پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ آصف پارلیمان کے اندر پارٹی کی قیادت کریں گے، پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی انہی کی سربراہی میں ہو گا اور پارلیمانی امور کے بارے میں خواجہ آصف ہی پالیسی جاری کریں گے۔ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ سیکرٹری جنرل احسن اقبال پارٹی کے دیگر معاملات دیکھیں گے، جن میں انتظامی معاملات اور جماعت کی تنظیم نو کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شہباز شریف نے پارٹی رہنماں کو ہدایت کی ہے کہ ان کی غیر موجودگی میں پارٹی کی سرگرمیاں زور و شور سے جاری رہنی چاہیے اور حکومت کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھ کر اس کی سرزنش جاری رکھی جائے۔خواجہ آصف نے بتایا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی غیر موجودگی میں ہماری ایک کولیکٹو لیڈرشپ ہے، ہمارا ایک پارلیمانی مشاورتی گروپ بنا ہوا ہے وہ اسمبلی کے اندر اور باہر پارٹی امور چلائے گا۔


ای پیپر