آئی سی سی نے پاک ،بھارت کرکٹ سیریز کے معاملہ پر پاکستان کیخلاف فیصلہ سنا دیا
20 نومبر 2018 (20:35) 2018-11-20

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بھارتی کرکٹ کے امور چلانے والے بورڈ آف کنٹرول کرکٹ انڈیا (بی سی سی آئی )پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی )میں دائر درخواست کو خارج کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی میں بھارتی بورڈ کے خلاف معاہدے کے مطابق سیریز نہ کھیلنے اور اس سے ہونے والے نقصان کے ازالے کے درخواست دائر کی تھی۔ آئی سی سی کی تنازعات حل کروانے والی کمیٹی کی تین رکنی پینل نے پاکستان کی درخواست سنی جس میں دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے اپنے دلائل دیے۔

پاکستان کے نمائندوں نے بھی آئی سی سی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر بھرپور طریقے سے اپنا موقف پیش کیا تھا، ادھر بھارت کی جانب سے معاہدوں کی منسوخی سے متعلق اپنے موقف کو پیش کیا گیا۔ آئی سی سی کی تین رکنی پینل نے دونوں ممالک کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جسے سناتے ہوئے پاکستان کی درخواست خارج کردی۔

آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کی درخواست کو کیوں خارج کیا گیا ہے اس حوالے سے تفیصلی فیصلے کے مندرجات کے بعد ہی علم ہوسکے گا۔درخواست مسترد ہونے پر پی سی بی کی جانب سے ردِ عمل دیا گیا اور کہا گیا کہ انہیں اس فیصلے پر مایوسی ہوئی ہے۔پی سی بی کی جانب سے کہا گیا کہ وہ اب قانونی مشاورت کے بعد حکمت عملی ترتیب دیں گے۔


ای پیپر