بھارت، جھیل کنارے امریکی شہری کی لاش برآمد
20 May 2020 (18:01) 2020-05-20

حیدر آباددکن: بھارتی ریاست تلنگانہ میں جھیل کنارے امریکی شہری کی لاش برآمد ہوئی، ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں اعلی عہدے پر فائز مذکورہ امریکی شہری حادثے کا شکار ہوا۔

مقامی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد میں واقع عثمان ساگر جھیل کے قریب پہاڑیوں میں ایک 42 برس کا امریکی شہری مردہ پایا گیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص کی شناخت پال رابرٹ لٹل جان کے طور پر کی گئی ہے۔

بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ وہ سائیکل چلاتے ہوئے حادثاتی طور پر اونچائی سے گر پڑا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔پال حیدر آباد کے گچی بالی علاقہ کے کیو اپارٹمنٹ میں اپنے 2 بچوں اور بیوی ایریکا کے ساتھ رہتا تھا اور ایک ملٹی نیشنل کمپنی کا نائب صدر تھا۔

اس کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ روز صبح 6 بجے گھر سے روانہ ہوا تاہم گھر واپس نہیں پہنچا، انہوں نے شوہر کو فون کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔بعد ازاں اہلیہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی، پولیس کی تلاش کے بعد پال کی لاش برآمد ہوئی۔


ای پیپر