file photo

امریکا کبھی بھی افغانستان میں جیتنے کی غرض سے نہیں لڑا: صدر ٹرمپ
20 May 2020 (09:47) 2020-05-20

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کبھی بھی افغانستان میں جیتنے کی غرض سے نہیں لڑا اور ایک عظیم فوجی طاقت ہونے کے باوجود امریکا افغانستان میں صرف پولیس فورس کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔

امریکی صدر کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ امریکا افغانستان میں 19 سال سے موجود ہے اور اب وہاں فوجیوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔ صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فورسز کے افغانستان سے انخلا سے متعلق طالبان بھی دو رائے رکھتے ہیں اُن کے بقول طالبان امریکی فورسز کا انخلا بھی چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ غیر ملکی فورسز افغانستان میں ہی رہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ڈالرز سمیٹے جائیں۔

ادھر، طالبان نے رات گئے قندوز شہر پر مختلف اطراف سے حملہ کر دیا۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق حملے میں 40 طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے آٹھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔

کابل اور ننگرہار میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد افغان صدر کی جانب سے طالبان کے خلاف جارحانہ پالیسی کی اجازت اور طالبان کا ردعمل میں افغان فورسز کے خلاف کاروائیاں بڑھانے کا اعلان ہوچکا ہے۔


ای پیپر