دنیا بھرمیں اب تک کتنے لوگ کرونا کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ،تازہ ترین اپ ڈیٹ
20 مارچ 2020 (19:56) 2020-03-20

بیجنگ: دنیا بھر میں نوول کورونا وائرس کے باعث 10ہزار سے زائد افراد ہلاک اوراڑھائی لاکھ کے قریب متاثر ہوچکے ہیں ،چین میں مسلسل دوسرے روز بھی مقامی سطح پر کرونا وائرس کا کوئی بھی مریض سامنے نہیں آیا،نائیجیریا نے 3 بین الاقوامی ہوائی اڈے بند کرنے کا اعلان کردیا،میکسیکو میں کرونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق کردی گئی ،کرونا وائرس کے خوف کے دوران اولمپک گیمز کی مشعل جاپان پہنچ گئی، ا مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہر شہری کو 1ہزار ڈالر نقد رقم دینے کی خواہش کا اظہا رکیا ہے جبکہ چلی میں کرونا وائرس کے باعث نئے آئین کے بل پر رائے شماری ملتوی کری گئی۔

جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے مرکز برائے سسٹمز سائنس و انجینئرنگ (سی ایس ایس ای)کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے منسلک اموات کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔سی ایس ایس ای نے کہا کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 2لاکھ 44 ہزار 517مصدقہ کیسز میں سے کل 10ہزار 30 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔سی ایس ایس ای کے مطابق اٹلی اس چارٹ میں 3ہزار 405 اموات کے ساتھ سرفہرست ہے، 100 سے زائد اموات والے ملکوں میں چین، ایران، سپین، فرانس، امریکہ اور برطانیہ شامل ہیں۔جمعہ کو چین کے محکمہ صحت کے مطابق چینی مین لینڈ پر جمعرات کے روز مقامی سطح پر نوول کرونا وائرس کا شکار ہونے والا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔قومی صحت کمیشن نے کہا کہ جمعرات کو چینی مین لینڈ پر نوول کرونا وائرس کے 39 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، یہ تمام مریض درآمدی ہیں۔کمیشن نے کہا کہ ان میں سے 14 مریض صوبہ گوانگ ڈونگ، 8 شنگھائی، 6 بیجنگ اور3 مریض صوبہ فوجیان میں سامنے آئے ہیں۔ صوبائی سطح کے علاقے تیان جین، لیا نینگ، ہی لونگ جیانگ، ڑی جیانگ، شان ڈونگ، گوانگشی، سی چھوان اور گانسو میں ایک ایک مریض کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، کمیشن کے مطابق جمعرات کے آخر تک 228 درآمدی مریضوں کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔

جمعرات کے ہی روز چینی مین لینڈ پر 3 ہلاکتوں اور 31 نئے مشتبہ مریضوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ہلاکتوں میں سے 2 صوبہ ہوبے جبکہ تیسری ہلاکت صوبہ لیانینگ میں ہوئی۔جمعرات کو 730 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ شدید بیمار مریضوں کی تعداد 178 کمی کے بعد 2ہزار 136 رہ گئی۔جمعرات کے آخر تک مین لینڈ پر کل مریضوں کی تعداد 80ہزار967تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 6ہزار569مریضوں کا تاحال علاج جاری ہے جبکہ 71ہزار150 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کیا جا چکا ہے۔ بیماری کی وجہ سے 3ہزار248 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔کمیشن نے کہا کہ 104افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کا تاحال شبہ ہے۔کمیشن نے مزید کہا کہ 8ہزار989 قریبی رابطہ کار تاحال طبی نگرانی میں ہیں۔

جمعرات کو 1ہزار197افراد کو طبی نگرانی سے فارغ کر دیا گیا۔جمعرات کے آخر تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 4ہلاکتوں سمیت 208 مصدقہ مریض، مکا خصوصی انتظامی علاقہ میں 17 مصدقہ مریض جبکہ تائیوان میں ایک ہلاکت سمیت 108 مریض مصدقہ سامنے آچکے ہیں۔ہانگ کانگ میں 98، مکا میں 10 جبکہ تائیوان میں 26 افراد کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کیا جاچکاہے۔جمہوریہ کوریا میں جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریبا نصف شب کو کرونا وائرس کے 87 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے کل مریضوں کی تعداد بڑھ کر 8ہزار 652 ہوگئی ہے۔جمعرات کو152کیسز ریکارڈ ہونے سے نئے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک بار پھر سے 100 کم ہوگئی ہے۔ اتوار سے بدھ تک کیسز کی تعداد میں دو ہندسوں پر مبنی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔3 مزید اموات کی تصدیق کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 94 ہوگئی ہے۔مجموعی اموات کی شرح اس وقت 1.09 فیصد ہے۔نائیجیریا نے نوول کرونا وائرس کا پھیلا ? روکنے کیخلاف احیتاطی اقدامات کے طور پر ملک کے 3 بین الاقوامی ہوائی اڈے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔نائیجیریا کی ہوا بازی کے محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل موسی نوہو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تینوں ہوائی اڈے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔کانو میں مالم امینو کانو ہوائی اڈہ، اینوگو میں اکانو ابیام بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور اوماگوا میں پورٹ ہارکورٹ بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بند کیا جا ئیگا۔ نیوزی لینڈ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 11 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس سے کل مریضوں کی تعداد بڑھ کر 39 ہوگئی۔وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ تمام نئے کیسز بیرون ملک سفر سے منسلک تھے۔

میکسیکو کی وزارت صحت نے ملک میں کرونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق کی ہے، یہ ایک 41 سالہ شخص ہے جو ذیابیطس سے متاثر تھا۔اس متاثرہ شخص کو ،جس کی شناخت نہیں ہوئی، ممکنہ طور پر میکسیکو میں بیماری لگی ہے کیونکہ انہوں نے حال ہی میں بیرون ملک سفر نہیں کیا۔ ادھر کرونا وائرس کے خوف کے دوران اولمپک گیمز کی مشعل جاپان پہنچ گئی ہے، ٹوکیو گیمز کا افتتاح ہونے میں صرف 4 ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ٹوکیو 2020 کی مشعل کی خصوصی پرواز جمعہ کے روز جاپان میں میاگی پر یفیکچر کے مٹسوشیما کے ایئرسیلف ڈیفنس فورس کے اڈے پر اتری۔مشعل کا استقبال کرنے کی تقریب میں کرونا وائرس کے پھیلا ? کے باعث مقامی طلبہ کے جانب سے فن کا مظاہرہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔مشعل کی 3 شمالی پریفیکچرز میں نمائش کی جائے گی جو کہ 2011 میں زلزلے اور سونامی سے متاثر ہوئی تھیں، اس سے قبل مشعل 26 مارچ کو فوکوشیما میں جے ویلیج سے روشن کی جائے گی۔ٹرمپ انتظامیہ نے کرونا وائرس کے ردعمل میں شروع کیے گئے بڑے متحرک پیکج کے تحت امریکی شہریوں کو امدادی رقم 1ہزار امریکی ڈالر فی کس اور 500 ڈالر ہر بچے کو دینے کا منصوبہ بنایا ہے یہ بات سیکرٹری خزانہ سٹیون منچن نے بتائی ہے۔فاکس بزنس نیٹ ورک کو دئے گئے انٹرویو میں منچن نے کہا کہ کانگریس کی منظوری کے بعد انتظامیہ 3 ہفتوں میں امدادی رقوم کی پہلی قسط وصول کرلے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس پر قومی ہنگامی حالت زیادہ عرصے تک برقرار رہی تو مزید نقد رقوم فراہم کی جائیں گی۔چلی کی 15 سیاسی جماعتوں نے نوول کرونا وائرس کی وبا کے باعث نیا آئین بنانے کے بِل پر رائے شماری ملتوی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔بِل پر 26 اپریل کو بحث ہوئی تھی تاہم اسے 25 اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے کیونکہ چلی بیماری کے ساتھ لڑ رہا ہے جس سے اب تک 342 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔یہ فیصلہ چلی کے صدر سبسٹیان پینیرا کی جانب سے 90 روز کیلئے ریاستی ایمرجنسی نافذ کرنے کے اعلان کے بعد کیاگیا ہے۔بیجنگ نے بیرون ملک سے شہر میں داخل ہونے والے افراد کو 14 دن تک طبی نگرانی میں ر کھنے کے لئے 149جگہیں قائم کی ہیں جس کی وجہ کرونا وائرس کے درآمد شدہ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہے۔مسافروں کو یہاں اصولی طور پر ایک کمرہ دیا جا ئیگا جہاں پر کمرے میں ہی ان کو جرا ثیم سے پاک کھانا فراہم کیا جائے گا۔ہر نگرانی والی جگہ پر وبائی مرض سے بچا کے رہنمائی والی کتابیں فراہم کی جائیں گی اور یہاں سٹاف موجود ہوگا جو ہر روز باقاعدگی سے در جہ حرارت چیک کرے گا اور یہاں پر صحت اور نفسیاتی مشورے کی خدمات بھی مہیاہوں گی۔

جاپان کی وزارت صحت اور مقامی حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں نوول کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے تک 962 ہوگئی ہے۔جمعہ کووزارت صحت کے مطابق جاپان میں وائرس کے باعث ہونے والے نمونیا سے ہلاکتوں کی تعداد40 ہیں،ان ہلاکتوں میں وائرس کے شکار بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسیس پر ہونے والی ہلاکتیں بھی شامل ہیں، اس جہاز کو ٹوکیو کے قریب یوکوہاما میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب مالدیپ کی حکومت نے نوول کرونا وائرس کی وبا کے دوران عوام کی مالی معاونت کرنے کیلئے اگلے 2 ماہ کے دوران پانی اور بجلی کی قیمتوں میں رعایت دے دی ہے۔مقامی میڈیا کی جمعہ کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ ابراہیم امیر نے کہاہے کہ اپریل اور مئی کے دوران بجلی کے 40فیصد اور پانی کے 30فیصد بِل ادا کرنے کیلئے حکومت نے 1کروڑ95لاکھ امریکی ڈالرز مختص کر دئے ہیں۔


ای پیپر