شیخ رشید نااہلی کیس ۔۔۔فیصلہ کی گھڑی آن پہنچی

20 مارچ 2018 (16:05)

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شکیل اعوان کی جانب سے شیخ رشید کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی ۔شکیل اعوان کے وکیل نے عدالت میں مو¿قف اپنایا کہ شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے ہیں، انہوں نے گھر کی قیمت ایک کروڑ 2لاکھ ظاہر کی جب کہ گھر کی بکنگ 4 کروڑ 80 لاکھ سے شروع کی گئی تھی۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فتح جنگ کے موضع رامہ میں زمین زیادہ،کاغذات میں کم ظاہرکی گئی، ریکارڈ کےمطابق شیخ رشید کی زمین ایک ہزار 81کنال ہے، انہوں نے کاغذات نامزدگی میں 968 کنال اور13مرلہ ظاہر کی ۔

دوران سماعت وکلا کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کیا پانامہ لیکس کیس کے فیصلے میں وضع کردہ اصولوں کا اطلاق سب پر نہیں ہوگا؟ پاناما لیکس کیس میں کہاں یہ اصول طے ہواکہ غلطی جان بوجھ کر ہو یا غیر ارادی، نااہلیت ہو گی۔جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ امریکی صدر کہتے ہیں فلاں ریٹرن زظاہر نہیں کروں گا اور یہاں غلطی بھی نااہلیت ہے، پاکستان میں تو الیکشن لڑنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔اس موقع پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ہم انتظار ہی کررہے تھے کہ آپ سے اس ججمنٹ کا حوالہ دیں۔


شیخ رشید کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہاکہ عدالت میں پیش کیے گئے کاغذات نامزدگی نامکمل ہیں،میرے موکل نے سب کچھ ظاہر کیا ہے، اثاثے نہیں چھپائے۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزیدخبریں