چوہوں نے 12لاکھ سے زائد رقم کتر ڈالی
20 جون 2018 (20:10) 2018-06-20

آسام:بھارتی ریاست آسام میں چوہوں نے اے ٹی ایم مشین میں موجود12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے نوٹ کتر ڈالے، چوہوں نے وائرنگ کے لیے بنے سوراخ کے راستے مشین میں داخل ہو کر 2000 اور 500 کے کرنسی نوٹوں کو کتر ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں ہزاروں لیٹر شراب پینے اور سیلاب کی تباہی کا سبب ہونے کے الزامات کے بعد اب چوہوں پر لاکھوں روپے کترنے کا الزام لگا ہے۔انڈیا کی شمال مشرقی ریاست آسام میں جب ٹکنیشینز نے ایک خراب اے ٹی ایم مشین کو ٹھیک کرنے کے لیے اسے کھولا تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔

انھیں 12 لاکھ سے زیادہ مالیت کے نوٹ کترے ہوئے ملے اور ان کے مشتبہ مرتکبین کے طور پر چوہوں کے سر الزام گیا۔انڈین اخبار دی ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ شاید چوہے وائرنگ کے لیے بنے سوراخ کے راستے مشین میں داخل ہو گئے اور انھوں نے کرنسی نوٹ کو کتر دیا۔یہ واقعہ آسام کے تین سکیا ضلعے میں سٹیٹ بینک آف انڈیا کے ایک اے ٹی ایم میں پیش آیا۔

اس کی تصویر سوشل میڈیا بطور خاص ٹوئٹر پر وسیع پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے۔ایک تصویر میں ان کترے ہوئے کرنسی نوٹوں کے درمیان ایک مردہ چوہے کو دیکھا جا سکتا ہے۔جن ٹکنیشینز نے مشین کھولی انھوں نے 2000 اور 500 کے کرنسی نوٹوں کو بڑی تعداد میں کترا ہوا پایا۔اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق ایس بی آئی میں اے ٹی ایم کے چینل منیجر چندن شرما نے بتایا کہ خراب ہونے سے قبل اس مشین میں 29 لاکھ روپے ڈالے گئے تھے۔انھوں نے کہا تقربیا 17 لاکھ روپے بغیر کترے بچ گئے جبکہ 12 لاکھ 38 ہزار مالیت کے روپے کو نقصان پہنچا ہے۔اس سے قبل انڈیا کی شمال مشرقی ریاست میں چوہوں پر ضبط کی جانے والی ہزاروں لیٹر شراب پینے کا الزام لگایا گیا تھا۔


ای پیپر