عثمان بزدار کی گورنر پنجاب سے اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،نیا وزیر اعلیٰ کون ؟
20 جولائی 2020 (18:45) 2020-07-20

لاہور:گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور او ر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن کے حکومت مخالف عزائم کو کسی صورت کامیاب نہ ہونے دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ،اپوزیشن کواحتجاج اور انتشار کی سیاست کی بجائے عام انتخابات کا انتظار کر نے کا مشورہ جبکہ عید پر کورونا سے بچائو کیلئے ایس او پیز پربھی سختی سے عملددرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گور نر ہائوس لاہور میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ملاقات کی جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال ،ترقیاتی منصوبوں اورکورونا سے بچائو کیلئے اقدامات سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں ترقی، خوشحالی اور عوام کو ریلیف یقینی بنانے کیلئے ملکر کام کر نے بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔ ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کورونا کیخلاف پنجاب حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا ہے ۔

گورنر پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب نے عوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔ ملاقات کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ مویشی منڈیوں ،عید اور محر م الحرام کے موقعہ پر کورونا سے بچائو کے لیے بھر پور اقدامات اور ایس او پیز پر عملددرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت متحد ہے اور انشاء اللہ وفاقی اورپنجاب حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی اور حکومت کے خلاف محاذ بنانیوالی اپوزیشن جماعتیں ناکام ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف سمارٹ لاک ڈائون کا وزیر اعظم عمران خان کا ایک مثالی فیصلہ ہے جسکے پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر کورونا کوشکست دینی اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر نا ہے اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے وقار میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست کا مقابلہ عوامی خدمت سے کریں گے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل کو استعمال کیا جائیگا انتشار اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کبھی کامیاب نہیں ہو ں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو حکومت پر بلاوجہ تنقید کے سواکوئی کام نہیں مگرہم صرف عوام کی خدمت کو فوکس کیے ہوئے ہیں اورعوام کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے اور انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم کامیابی سے آگے بڑھتے رہیں گے۔


ای پیپر