پی ڈی ایم کچھ بھی کر لے تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، فردوس عاشق اعوان
20 جنوری 2021 (20:42) 2021-01-20

لاہور: معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم  کے پتلی تماشہ میں اسرائیل اور بھارت کے اشاروں پر ناچنے والی جعلی راجکماری نے پی ٹی آئی پر بیہودہ اور خودساختہ الزامات لگائے۔اسرائیل کے بارے میں عمران خان کا فیصلہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔

 معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حیرت ہے جس جماعت کا صدر مشاورت کے ساتھ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرتا ہے اسی جماعت کی نائب صدر کیچڑ اچھالنا شروع کردیتی ہے۔ مریم نے یہ کیچڑ چیف الیکشن کمشنر پر نہیں دراصل اپنے چچا اور پارٹی صدر پر اچھالا ہے۔جعلی راجکماری کہتی ہیں اسلام آباد ریلی میں لانگ مارچ کا نمونہ دکھایا ہے۔ اگر یہی نمونہ ہے تو پی ڈی ایم کا ناٹک ختم سمجھیں کیونکہ قوم کئی نسلوں سے پی ڈی ایم میں شامل ''نمونوں '' کو دیکھ دیکھ کر اکتا چکی ہے۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے درد کی وجہ اقتدار سے دوری ہے۔ مولانا نے کبھی دال روٹی بھی اپنے پیسوں سے نہیں کھائی اور آج  جب سارے اخراجات خود برداشت کرنے پڑ رہے ہیں تو مولانا کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ نیب میں آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کے بعد مولانا کے درد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ نیب مولانا سے پوچھ رہا ہے کہ ان کے پاس کون سی گیدڑ سنگھی ہے جس سے یہ ارب پتی بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پتلی نماشے میں 500سے زائد دیہاڑی دار لائے گئے مگر غریب مزدوروں کو معاوضہ بھی نہیں دیا۔ قوم سننا چاہتی ہے کہ مولانا کب مودی کو للکارتے ہیں اورمظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہیں۔ یہ سب مل کر عوام کی آنکھوں میں مرچیں ڈال رہے ہیں اور  اسرائیل کا نام لے کر اس شخص کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جو اسرائیل اور مودی کا سب سے بڑا مخالف ہے۔ 


ای پیپر