Party funds case, Election Commission, notices, 19 political parties, Farrukh Habibi
20 جنوری 2021 (14:44) 2021-01-20

اسلام آباد: سیاسی جماعتوں کے گوشواروں اور پارٹی فنڈز کی چھان بین سے متعلق کیس کی سماعت ، الیکشن کمیشن نے 19 سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کر دیئے، 24 فروری تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے بتایا کہ 3 سیاسی جماعتوں کے فنڈز کی چھان بین پہلے سے ہی کی جا رہی ہے۔

ادھر الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب کی اپوزیشن پر کڑی تنقید، کہا سیاسی جماعتوں کو اپنے اثاثے اور آمدن کے ذرائع بتانا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 19 جماعتوں کو نوٹس جاری کیے ، پی ٹی آئی کی درخواست پر آج نوٹسز جاری ہوئے۔

پی ڈی ایم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ یہ اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگنا شروع ہو جائے۔ مریم نواز کل جھوٹ بول کر بہتان تراشی کرکے چلتی بنیں ، مریم نواز الزام تراشی اور بہتان تراشی پر معافی مانگیں ۔ مریم نواز کل آئی تھیں تو کم از کم رسیدیں ہی لے آتیں ، انہوں نے کہا کہ یہ کل الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بول کر گئے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ اتنے ڈھیٹ ہو چکے ہیں انہیں شرم بھی نہیں آتی ، پی ڈی ایم کل اپنی یادداشت الیکشن کمیشن جمع کرانا بھول گئی ۔ فضل الرحمان کی پارٹی میں آمدن کم اور خرچہ زیادہ ہے۔

فرخ حبیب نے بتایا کہ نواز شریف نے اسامہ بن لادن سے فنڈنگ لی ، نواز شریف نے بینظیر بھٹو کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرچی چیئرمین آنکھیں کھولیں اور اپنی والدہ کی کتاب پڑھیں۔


ای پیپر