Jeo Beiden Will be the 46th President of USA
20 جنوری 2021 (08:27) 2021-01-20

نیویارک: جو بائیڈن دنیا کے طاقتور ترین ملک امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے۔ نومنتخب امریکی صدر حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے عالمی وبا سے ہلاک 4 لاکھ امریکیوں کی یادگاری تقریب میں شرکت کی ، تقریب وبا اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محدود ہوگئی۔

واضح رہے کہ غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات پر کیپٹل ہل کے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ مشکوک رویے پر نیشنل گارڈ کے 12 اہلکار حلف برداری تقریب سے ہٹا دیئے گئے ہیں۔

ادھر امریکی صدر نے جاتے جاتے ایک اور متنازعہ فیصلہ کرتے ہوئے یورپ اور برازیل سے امریکہ آنے والے مسافروں پر عالمی وبا کا منفی ٹیسٹ ہونے کی پابندی اٹھا دی ہے جبکہ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی ٹیم نے یہ پابندی اٹھانے سے انکار کر دیا ہے۔

جوبائیڈن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ٹرمپ کے اس آرڈر پر کسی قسم کا عمل نہیں کیا جائیگا ۔ ٹرمپ کے اعلان کے باوجود سفری پابندی ختم نہیں کریں گے۔

جوبائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی طرف سے آخری دنوں میں بھی ایسے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو امریکی عوام کیلئے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن نے امریکہ آنیوالے تمام مسافروں کیلئے عالمی وبا کی منفی رپورٹ لازمی قرار دی تھی جس کا اطلاق 26 جنوری سے ہونا تھا۔


ای پیپر