کیا ’پاوری گرل‘ بھی پشاور زلمی کا حصہ بننے جا رہی ہیں؟

لاہور: ’پاوری‘ ویڈیو سے مشہور ہونے والی سوشل میڈیا انفلوئنسر دنانیر مبین کی حال ہی میں شیئر کی گئی ایک پوسٹ سے اشارہ مل رہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )فرنچائز پشاور زلمی کیمپ کا حصہ بننے جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دنانیر مبین نے گزشتہ روز انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی دو تصاویر شیئر کیں جن میں وہ پیلے رنگ کے لباس میں نظر آرہی ہیں جبکہ تصاویر کے کیپشن میں دنانیر نے لکھا پیلا رنگ سیزن کا آفیشل رنگ ہے۔اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے سوال پوچھا کہ کیا آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ آگے کیا آرہا ہے؟ اس کیپشن کے ساتھ انہوں نے ’’زلمی کنگنڈم‘‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ ترک اداکارہ اسرا بلگیچ، ماہرہ خان اور ہانیہ عامر کے بعد اب دنانیر مبین بھی پشاور زلمی کی سفیر بننے والی ہیں۔
View this post on Instagram
دوسری جانب دنانیر مبین کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی یہی کہا گیا کہ وہ زلمی کیمپ جوائن کرنے والی ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی ان کے پشاور زلمی جوائن کرنے کی خبریں گردش کررہی ہیں البتہ فرنچائز کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کسی بھی طرح کا آفیشل اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے 16 فروری کو ماہرہ خان کو پشاور زلمی کا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے گزشتہ روز ترک اداکارہ اسرا بلگیچ المعروف حلیمہ سلطان کو اپنی فرنچائز کا ایمبیسیڈر مقرر کیا جبکہ پشاور زلمی کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ہانیہ عامر کے زلمی کنگڈم کا حصہ بننے کا اعلان کیا گیا۔