وہاب ریاض پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے پہلے میچ سے باہر مگر کیوں؟ مداحوں کیلئے تشویشناک خبر آ گئی
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
20 فروری 2021 (19:31) 2021-02-20

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی کو کپتان وہاب ریاض کا ساتھ حاصل نہیں ہو گا کیونکہ وہ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جن کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کوچ ڈیرن سیمی کے ہمراہ بائیوسیکیور زون سے باہر موجود اونر سے ملاقات کر لی تھی۔ یہ واقعہ گزشتہ روز پریکٹس میچ کے دوران پیش آیا جس کے باعث ہفتے کو ٹرافی کے ساتھ ٹیم کا فوٹو شوٹ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایک ٹیم کے پلیئر اور آفیشل کو بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر تین روز کیلئے آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے کیونکہ دونوں نے بائیو سیکیور ببل سے باہر تیسرے فرد سے ملاقات کی تھی جبکہ سکواڈ دوبارہ جوائن کرنے سے قبل دونوں کے دو منفی ٹیسٹ نتائج لازمی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کی جگہ اتوار کو لاہور قلندرز سے میچ میں پشاور زلمی کے نئے کپتان کا فیصلہ ہفتے کو ہی کیا جائے گا تاہم قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک مضبوط امیدوار ہیں۔ دوسری جانب ایک اور فرنچائز کے پلیئر کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے البتہ چونکہ وہ پہلے ہی آئیسولیشن میں ہے اس لیے ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ 


ای پیپر