’امید ہے شرجیل خان بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے‘ عماد وسیم بھی میدان میں آ گئے
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
20 فروری 2021 (19:26) 2021-02-20

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چیمپین کراچی کنگز نے خطرناک اوپنرز سے دھماکا خیز کارکردگی کی توقعات وابستہ کر لی ہیں جس کے کپتان عماد وسیم نے امید ظاہر کی ہے کہ شرجیل خان پی ایس ایل چھ میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ شرجیل خان اگر پاکستان میں ٹی 20 کرکٹ کے بہترین اوپنر نہیں تو کم ازکم ان میں سے ایک ضرور ہیں،جارح مزاج بیٹسمین نے اپنی صلاحیتیں ثابت بھی کی ہیں،امید ہے کہ وہ پی ایس ایل 6میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے،ہر کوئی جانتا ہے کہ شرجیل ایک خطرناک کرکٹر ہیں،وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی فارم میں نظر آئے، امید ہے کہ میدان میں اْیک ابھرتے ہوئے ستارے کی مانند نظر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک فٹنس کی بات ہے تو شرجیل پر جتنا ہوسکے کام کرنے کی کوشش کریں گے اور کرنا بھی چاہئے کیونکہ یہ ان کے مستقبل کیلئے بھی بہتر ہو گا،دوسرے اوپنر بابر اعظم کی صلاحیتوں کو بھی سب جانتے ہیں اور وہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں،میں گزشتہ پانچ سال سے کہتا چلا آیا ہوں کہ وہ ایک شاندار کرکٹر ہیں،بڑی مثبت بات ہے کہ انہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہمیں کئی یکطرفہ فتوحات دلائی ہیں۔

کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا اور رواں سیزن کیلئے بھی قطعی طور پر دباؤ کا شکار نہیں بلکہ اپنے اعزاز کے دفاع کیلئے پرجوش ہیں، میں ٹیم سلیکشن سے مطمئن ہوں کیونکہ ہمیں ناصرف تجربہ کار کرکٹرز کا ساتھ میسر ہے بلکہ نئے کھلاڑی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں،  فی الحال تو کمبی نیشن میں کوئی کمزوری نظر نہیں آتی، پی ایس ایل کا معیار بہت بلند اور ٹیمیں اچھی ہیں، اس لئے کسی کو بھی فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا،میچ کے دن بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہی سرخرو ہوگی۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا انہوں نے اپنی کارکردگی سے بہت سے لوگوں کی رائے کو غلط ثابت کردیا اور میں ان کی حالیہ کارکردگی پر بہت خوش ہوں ، انہوں نے سخت محنت کی جس کا اللہ تعالیٰ صلہ دے رہا ہے،اگر وہ اس ایڈیشن میں بھی ہمارے ساتھ ہوتے تو ان کی عمدہ فارم کا فائدہ حاصل ہوتا اور ٹیم مزید مضبوط نظر آتی،میرے خیال میں وہ موجودہ کرکٹرز میں سے سب سے زیادہ اپنے کھیل میں نکھارلانے میں کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے بہت سے لوگوں کی رائے کو غلط ثابت کیا۔


ای پیپر