na 75,usman buzdar,cm punjab,action,by election,ecp
20 فروری 2021 (15:54) 2021-02-20

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے این اے 75 ڈسکہ کے انتخاب میں ہونے والے واقعہ پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بز دار نے  کہا کہ این اے 75 ڈسکہ میں فائرنگ کے واقعہ میں ملوث شر پسندوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔دو افراد کے جان سے ہاتھ دھونے پر دلی افسوس ہوا ہے۔اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں۔فائرنگ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ملزمان کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو ان کیخلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائیگی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے۔عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جو ہر صورت نبھائی جائیگی۔ پرامن ماحول کو خراب کرنے والے عناصر کیخلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنا اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائیگی۔قانون کو نافذ کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

یاد رہے کہ این اے 75 ڈسکہ میںگزشتہ روز پولنگ کے دوران فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ جس کے بعد رات گئے پولنگ کا عملہ غائب ہو گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے نتائج روکنے کا اعلان کر دیا تھا۔


ای پیپر