NA-75,Daska,ecp,Presiding Officer,polling bags,disappear
20 فروری 2021 (14:51) 2021-02-20

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے نتائج تاخیر سے موصول ہوئے ہیں۔پریذائیڈنگ آفیسر سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی مگر ناکامی ہوئی 

تفصیلات مطابق الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ این اے 75 کے ڈی آ ر او اور آر او کی اطلاع پر چیف الیکشن کمشنر نے آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ رابطے کی بہت بار کوشش کی تاکہ متعلقہ پریذائیڈنگ آفیسرز کا پتہ لگایا جا سکے مگر کوئی تفصیلات نہ مل سکیں۔آخر کار چیف سیکرٹری کے ساتھ رات کو تین بجے رابطہ ممکن ہوا جس کے بعد چیف سیکرٹری نے گمشدہ آفیسرز اور پولنگ بیگز کی تلاش کر کے نتائج کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی مگر پھر وہ بھی رابطے سے باہر ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق کافی تگ و دو کے بعد صبح تقریباً چھ بجے پریذائیدنگ آفیسرز پولنگ بیگز کے ساتھ حاضر ہوئے۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر ز نے یہ اطلاع دی کہ بیس پولنگ سٹیشنر کے نتائج میں رد و بدل کا شبہ ہے لہٰذا مکمل انکوائری کے بغیر جو نتائج ہیں وہ جاری کرنا ممکن نہیں ہیں ۔ اس ضمن میں ڈی آر او  ایک تفصیلی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ڈی آر او اور آر کو غیر حتمی نتائج کے اعلان سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ ذمہ داران کے تعین کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر اور جوائنٹ الیکشن کمشنر کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچنے کی ہدایت کی ہے تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے اور ریکارڈ کو مکمل محفوظ کیا جا سکے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کمزوری لگتی ہے۔


ای پیپر